ایران کے خلاف پاکستان کی بھرپور مزاحمت سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست

ویتنتیان (پی پی اے) پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم نے اے ایف سی انڈر 17 چیمپئن شپ 2027 کے گروپ ڈی کوالیفائرز میں ایران کے خلاف شاندار مقابلہ کیا تاہم سخت جدوجہد کے باوجود اسے 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ بدھ کو لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا.پاکستان نے میچ کے نویں منٹ میں گول کھانے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور بھرپور انداز میں مقابلہ کرتے ہوئے ایرانی ٹیم کو دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔ قومی کھلاڑیوں نے متعدد خطرناک حملے کیے اور گول کے کئی مواقع پیدا کیے تاہم کامیابی حاصل نہ کرسکے محمد عیسیٰ نے دائیں جانب اپنی رفتار اور مہارت جبکہ حسنین علی نے بائیں جانب عمدہ کھیل کے ذریعے ایرانی دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ پاکستان کو 89ویں منٹ میں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب کھلاڑیوں نے گیند گول لائن عبور کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم ریفری نے گول تسلیم نہیں کیا ایران کی جانب سے امیر محمد زارعی نے نویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی پاکستان نے فوری جوابی حملہ کیا اور حسنین علی نے کارنر حاصل کیا، جس پر ندیم حسین کے ہیڈر کو ایرانی گول کیپر نے روک لیا پہلے ہاف کے اضافی وقت میں پاکستانی گول کیپر سمر رزاق نے شاندار سیو کرکے مزید گول ہونے سے بچایا۔ دوسرے ہاف میں پاکستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مسلسل حملے کیے۔ سری لنکا کے خلاف 3-1 کی کامیابی سے مہم کا آغاز کرنے والی قومی ٹیم نے ایران کے خلاف بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا حضرت عباس کو دوسرے ہاف میں گول کرنے کا بہترین موقع ملا تاہم وہ ایرانی گول کیپر کے سامنے ون آن ون موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ پاکستان نے آخری لمحات میں حارث خان کو میدان میں اتارا تاکہ برابری کا گول حاصل کیا جاسکے لیکن بھرپور کوششوں کے باوجود مقابلہ برابر نہ ہوسکا۔
پاکستان انڈر 17 ٹیم اب ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ ہفتے کو لاؤس کے خلاف کھیلے گی

Comments (0)
Add Comment