لاس اینجلس (پی پی اے) ورلڈ ایتھلیٹکس نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے ایتھلیٹکس مقابلوں کے لیے کوالیفکیشن نظام، انٹری اسٹینڈرڈز اور کھلاڑیوں کے کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ایتھلیٹکس کے مقابلے 15 سے 30 جولائی 2028 تک امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوں گے۔اعلان کے مطابق اولمپکس میں مردوں اور خواتین کے 23، 23 ایونٹس جبکہ دو مکسڈ ایونٹس سمیت ایتھلیٹکس کے مجموعی طور پر 48 مقابلے ہوں گے۔ 4×100 میٹر مکسڈ ریلے پہلی مرتبہ اولمپکس کا حصہ بنے گا جبکہ 4×400 میٹر مکسڈ ریلے بھی پروگرام میں برقرار رکھا گیا ہے.ورلڈ ایتھلیٹکس نے کھلاڑیوں کی کوالیفکیشن کے لیے دوہرا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت تقریباً 40 فیصد ایتھلیٹس مقررہ انٹری اسٹینڈرڈز جبکہ 60 فیصد عالمی رینکنگ کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ یہ تناسب پیرس اولمپکس 2024 کے 50، 50 فیصد نظام سے مختلف ہے.ورلڈ ایتھلیٹکس نے واضح کیا ہے کہ مقررہ انٹری اسٹینڈرڈ حاصل کرنا اولمپکس میں شرکت کی حتمی ضمانت نہیں ہوگا۔ اگر کسی ایونٹ میں مقررہ کوٹے سے زیادہ کھلاڑی معیار حاصل کر لیتے ہیں تو بہترین کارکردگی کے حامل ایتھلیٹس کو ترجیح دی جائے گی اور عالمی رینکنگ کے ذریعے مزید کوالیفکیشن نہیں ہوگی اعلان کے مطابق میراتھن کے لیے کوالیفکیشن کا دورانیہ یکم نومبر 2026 سے 30 اپریل 2028 تک مقرر کیا گیا ہے 10 ہزار میٹر، کمبائنڈ ایونٹس ریس واک اور ریلے مقابلوں کے لیے 19 دسمبر 2026 سے 18 جون 2028 تک کوالیفکیشن ہوگی جبکہ دیگر ایونٹس کے لیے 19 جون 2027 سے 18 جون 2028 تک کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے ورلڈ ایتھلیٹکس کے مطابق نئے کوالیفکیشن نظام کا مقصد عالمی سطح پر ایتھلیٹس کو بہتر مواقع فراہم کرنا اور مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان مسابقت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔