اسلام آباد(پی پی اے)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم کی زیرِ نگرانی اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور نوجوان نسل کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلے میں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور میرٹ پر حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری بلا کسی سفارش براہِ راست کھلی کچہری میں شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں شہریوں کو مؤثر ریلیف فراہم کرنے اور ان کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے ڈی آئی جی آفس میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے اسی سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے زیرِ اہتمام اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، ایف سیون فور میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں ایس ایچ او تھانہ کوہسار اور ایس ایچ او ویمن پولیس نے شرکت کی سیمینار کے دوران طالبات کو منشیات کے استعمال کے جسمانی، ذہنی اور معاشرتی نقصانات سے آگاہ کیا گیا اور انہیں منشیات سے دور رہنے کی ترغیب دی گئی پولیس افسران نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنا اور تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے آگاہی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اسلام آباد پولیس تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم اور دیگر اقدامات کے ذریعے نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی، ان کے مسائل کا میرٹ پر حل اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے