وینتیان (پی پی اے) پاکستان نے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز کے گروپ ڈی کے آخری میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم محمد موسیٰ کے دو گول کے باوجود پاکستان اور اردن کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ یہ میچ جمعہ کو لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا محمد موسیٰ نے پہلے ہاف کے اختتام پر پنالٹی پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی جبکہ دوسرے ہاف کے 52ویں منٹ میں ایک اور خوبصورت گول کرکے پاکستان کی برتری 2-0 کردی تاہم اردن نے 55ویں منٹ میں گول کرکے مقابلے میں واپسی کی اور انجری ٹائم کے آخری لمحات میں مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا پاکستانی ٹیم کو میچ کے آخری مراحل میں اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب محمد ارماڈ سرور کو دوسرا یلو کارڈ ملنے کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور پاکستان کو دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا اس ڈرا کے نتیجے میں پاکستان نے چار میچز میں سات پوائنٹس حاصل کرکے گروپ میں تیسری پوزیشن پر اپنی مہم کا اختتام کیا پاکستان نے اس سے قبل سری لنکا اور میزبان لاؤس کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ گروپ کی فاتح ٹیم ایران کے خلاف اسے 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لاؤس کے خلاف گزشتہ میچ میں 3-0 کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان نے اردن کے خلاف بھی جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور پہلے ہاف میں گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے. میچ کے دسویں منٹ میں حارث خان کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا، تاہم ون آن ون صورتحال میں ان کی شاٹ اردن کے گول کیپر کو جا لگی پاکستان نے متعدد کارنر حاصل کیے اور محمد موسیٰ کے گول کو آف سائیڈ قرار دیے جانے پر ایک اہم موقع بھی ضائع ہوا میچ کے 30ویں منٹ میں عبدالصمد کے شاندار پاس پر محمد موسیٰ نے گول کرنے کی کوشش کی تاہم اردن کے گول کیپر نے ان کی شاٹ روک لی پہلے ہاف کے اختتام پر محمد موسیٰ نے پنالٹی حاصل کی اور اسے کامیابی سے گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو 1-0 کی برتری دلا دی دوسرے ہاف کے 52ویں منٹ میں پاکستان نے تیز رفتار جوابی حملہ کیا جس پر محمد موسیٰ نے بہترین مہارت اور اطمینان کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کیپر کو چکمہ دیا اور گیند جال میں پہنچا کر پاکستان کی برتری 2-0 کردی تاہم تین منٹ بعد 55ویں منٹ میں یوسف تیسر محمود نے گول کرکے اردن کا خسارہ کم کردیا میچ کے 60ویں منٹ میں محمد موسیٰ کو ایک مرتبہ پھر گول کرنے کا موقع ملا، لیکن اردن کے گول کیپر نے ان کی شاٹ روک دی مقابلے کے آخری لمحات میں اردن نے حملوں میں تیزی پیدا کی تاہم پاکستان نے دس کھلاڑیوں کے ساتھ بھی بھرپور مزاحمت جاری رکھی۔ انجری ٹائم میں اردن کے متبادل کھلاڑی فیصل محمد ایف الحورانی نے پاکستانی دفاع کو عبور کرتے ہوئے گول اسکور کیا اور مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز میں اپنی مہم سات پوائنٹس کے ساتھ مکمل کی