اسلام آباد (پی پی اے) سابق صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی نائن مرکز کراچی کمپنی راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مضبوط تاجر برادری ہی مضبوط معیشت اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، ملکی معاشی ترقی اور خوشحالی میں تاجر برادری کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے موجودہ معاشی حالات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو درپیش مشکلات کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے گزشتہ روز تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کے ساتھ مشاورت کا مستقل نظام قائم کرے اور پالیسیوں کی تشکیل میں تاجر تنظیموں کی تجاویز کو اہمیت دے انہوں نے کہا کہ ایک منظم اور سہولیات سے آراستہ مارکیٹ نہ صرف تاجروں بلکہ صارفین کے لیے بھی بہتر کاروباری ماحول فراہم کرتی ہے۔ تاجر برادری ہمیشہ ملک کے وسیع تر مفاد میں حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار رہی ہے تاہم اس تعاون کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تاجروں کا اعتماد بحال کیا جائے اور انہیں کاروبار کی توسیع کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں راجہ جاوید اقبال نے امید ظاہر کی کہ حکومت کاروباری طبقے کی تجاویز اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ، تجارتی سرگرمیوں میں تیزی اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو سکے