پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ والدہ کی مغفرت اور درجات بلندی کی دعا

حکومتی اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔میاں نواز شریف نے چوہدری شجاعت سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی، وہ ایک انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون تھیں اور ہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔چوہدری پرویز الہٰی نے نواز شریف سے کہا کہ آپ کی والدہ تمام خاندان کے لیے ایک شفیق سائبان تھیں۔

چوہدری برادران نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کی مغفرت اور درجات بلندی کی دعا بھی کی۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے میاں نواز شریف کی صحت کے بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ مجھے گردوں کا انفیکشن لاحق ہے۔میاں نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی سمیت ان کے تمام اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سالک حسین اور شافع حسین بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.