پولیس فورس اسی سماج کا حصہ ہے،خوشی ہے کہ خطرناک مرض میں مبتلا بچی کی خواہش پوری کرنے کا موقع ملا۔ ڈی پی او جھنگ سرفراز خان ورک
جھنگ ڈی پی او جھنگ سرفراز خان ورک نے تھیلیسیمیا کی مریضہ 13 سالہ مدیحہ کی خواہش پوری کرتے ہوئے ایک دن کیلئے ڈی پی او جھنگ بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع جھنگ کی رہائشی13 سالہ مدیحہ جو کہ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ہے نے ڈی پی او جھنگ سرفراز خان ورک سے ایک دن کیلئے پولیس آفیسربننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔جس پر ڈی پی و جھنگ نے کہا کہ آپ کی خواہش کو ضرور پورا کیا جائیگا۔ خطرناک بیماری سے لڑنے والی 13 سالہ مدیحہ کیلئے جھنگ پولیس کی طرف سے خصوصی طور پر ایس ایس پی کی یونیفارم تیار کروائی گئی اور انہیں ایک دن کیلئے ڈی پی او جھنگ بنایا گیا۔ ڈی پی او جھنگ کی گاڑی پولیس اسکواڈ سمیت انکو لینے گھر پہنچی اور مدیحہ کو مکمل اعزاز کیساتھ پولیس لائن لایا گیا، جہاں انکو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، یادگار شہدا پر حاضری اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ جس کے بعد ایک دن کی ڈی پی او مدیحہ کو ڈسٹرکٹ پولیس آفس لایا گیا جہاں انکو ڈی پی او کی کُرسی پیش کی گئی۔ ایک دن کی ڈی پی او جھنگ نے VROs کے ساتھ میٹنگ کی اور ڈی پی او آفس آنے والے سائلین کی شکایات بھی سنیں۔ اس موقع پر ڈی پی او جھنگ سرفراز خان ورک نے کہا کہ پولیس فورس اسی سماج کا حصہ ہے۔ نہایت خوشی کی بات ہے کہ خطرناک مرض میں مبتلا ہونے والی بچی کی خواہش پوری کرنے کا موقع ملا، ہمیں یہ کوشش کرنی چاہیے کہ تھیلیسیمیا جیسی خطرناک بیماری سے لڑنے والے بچے خود اعتمادی سے محروم نہ رہیں، اور میں تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا تمام بچوں کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ ایک دن کی ڈی پی بننے کی خواہش پوری ہونے پر مدیحہ نے ڈی پی او جھنگ سرفراز خان ورک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ آپ نے میری خواہش کو پورا کیا۔