پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسلام آباد(پی پی اے)سعودی عرب نے دو نوتعمیر شدہ مساجد پاکستان کے حوالے کر دیں

اسلام آباد(پی پی اے) سعودی عرب نے پاکستان کے عوام کو نو تعمیر شدہ دو خوبصورت مساجد تحفے میں دی ہیں۔ سعودی حکومت کی مالی اعانت سے دونوں مساجد حال ہی میں خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تعمیر کی گئی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے شمال مغربی سرحدی خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ میں تعمیرکردہ جامع مسجد کو سعودی عرب کے بانی مرحوم شاہ عبدالعزیزآل سعود کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔اس جامع مسجد شاہ عبدالعزیز میں بیک وقت 10 ہزارعبادت گزاروں کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔سعودی حکومت نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جامع مسجد شاہ فہد بن عبدالعزیز تعمیر کی ہے۔ اس میں بیک وقت چھ ہزار نمازیوں کی عبادت کی گنجائش ہے۔ ان دونوں مساجد کے فنِ تعمیر میں بہ طورخاص مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے نقشے اور دل کش ڈیزائن کوپیش نظررکھا گیا ہے اوران ہی کی طرح ان کے دالان اور صحن ہیں۔اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں ان دونوں مساجد کو پاکستانی عوام کے لیے تحفے کے طور پر حکومت کے سپرد کیا گیا ہے۔ تقریب میں پاکستان کے وفاقی وزیربرائے مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری بھی شریک تھے۔اسلام آباد میں متعیّن سعودی سفیرسعید نواف المالکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت نے ہمیشہ پاکستان کی ہرقسم کے حالات میں مددومعاونت کی ہے۔یہ سلسلہ سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز مرحوم کے دور سے جاری ہے۔ان کے بعد ان کے جانشین بیٹوں نے بھی پاکستان اوراس کے عوام کی ہرمشکل گھڑی اور ہر طرح کے حالات میں مددوحمایت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ان کے ولی عہد ، وزیردفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دانش مندانہ قیادت میں سعودی عرب پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے اوراس کی معاونت میں گہری دلچسپی لے رہاہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.