پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسپیشل اولمپکس نیشنل گیمز لاہور مرحلہ اختتام پذیر پنجاب 13 گولڈ میڈلز کے ساتھ چیمپئن فٹبال مقابلے 21 جولائی سے کراچی میں ہوں گے

لاہور (پی پی اے) اسپیشل اولمپکس پاکستان کے زیر اہتمام پاور لفٹنگ بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے نیشنل گیمز کا لاہور مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ تین روزہ مقابلوں میں ملک بھر سے آنے والے اسپیشل اتھلیٹس نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ اگلے مرحلے میں فٹبال مقابلے 21 جولائی سے کراچی میں منعقد ہوں گے اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے کہا کہ اسپیشل اتھلیٹس کسی بھی لحاظ سے دوسروں سے کم نہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ قومی کھیلوں میں شریک کھلاڑیوں کا جذبہ محنت اور عزم قابلِ تعریف ہے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے اتھلیٹس کو بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ پاکستان پہلی مرتبہ اسپیشل اولمپکس کی پیرا ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھیج رہا ہے جبکہ اس کے بعد تمام تر توجہ چلی میں ہونے والے ورلڈ گیمز کی تیاری پر مرکوز ہوگی تاکہ قومی کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کر سکیں اختتامی تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اتھلیٹس میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر پنجاب نے 13 گولڈ میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی، سندھ آٹھ گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ وفاقی ٹیم سات گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی منتظمین کے مطابق اسپیشل اولمپکس نیشنل گیمز کا اگلا مرحلہ کراچی میں منعقد ہوگا جہاں 21 جولائی سے فٹبال مقابلوں کا آغاز ہوگا اور ملک بھر کے اسپیشل اتھلیٹس ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے

Leave A Reply

Your email address will not be published.