پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

یورپ کے لیے انسانی سمگلنگ میں 47 فیصد کمی، محسن نقوی حکومت انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر گامزن وزیر داخلہ

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی مؤثر حکمت عملی اور یورپی ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران یورپ کے لیے انسانی سمگلنگ کی شرح میں 47 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس پر یورپی یونین نے بھی وزارتِ داخلہ کی کاوشوں کو سراہا ہے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ حکومت انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس گھناؤنے نیٹ ورک کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک سنگین بین الاقوامی جرم اور انسانیت کے خلاف ظلم ہے جبکہ معصوم جانوں کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعاون.جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انٹیلی جنس کے استعمال سے سرحدی نگرانی اور امیگریشن نظام کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے جس کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اس ناسور کے خلاف عوامی آگاہی بھی انتہائی ضروری ہے انہوں نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انسانی سمگلنگ کے مکمل خاتمے اور ایک محفوظ، باوقار اور قانون کی حکمرانی پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.