وزیراعظم شہباز شریف کا سورنج کوئلہ کان حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار، مؤثر ریسکیو اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورنج میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے پیش آنے والے المناک حادثے میں مزدوروں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امدادی کارروائیاں مؤثر اور تیز رفتاری سے جاری رکھی جائیں زخمیوں کو بروقت ریسکیو اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ تمام متاثرہ مزدوروں کے ریسکیو اور ریلیف تک آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے.وزیراعظم نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مستقل اور مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ محنت کش ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے