پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

ڈاکٹر مریم عباسی کی مری میں ڈینگی بچاؤ پر جامع بریفنگ محکمہ صحت نے ڈینگی، صفائی، خوراک کے معیار اور مون سون حفاظتی اقدامات پر آگاہ کیا

مری (پی پی اے) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مری ڈاکٹر مریم علی عباسی نے رجسٹرڈ پریس کلب مری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈینگی سے بچاؤ، صحتِ عامہ صفائی ستھرائی خوراک کے معیار اور مون سون کے دوران حفاظتی اقدامات سے متعلق صحافیوں کو تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع مری میں ڈینگی سمیت موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے جبکہ شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اولین ترجیح ہے بریفنگ میں رجسٹرڈ پریس کلب مری کے صدر عبدالحمید عباسی جنرل سیکرٹری یاسر عباسی جوائنٹ سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا مظہر محمود عباسی عامر عباسی ثاقب عباسی اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی اس موقع پر محکمہ صحت کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سید وسیم حیدر علی شاہ ڈسٹرکٹ فوڈ انسپکٹر رانا کرامت علی ڈسٹرکٹ اینٹمالوجسٹ حمار اشتر دانیال عباسی اور فیضان احمد بھی موجود تھے ڈاکٹر مریم علی عباسی نے کہا کہ ملکۂ کوہسار مری ملک کا اہم سیاحتی مرکز ہے جہاں ہر سال لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں، اس لیے صحتِ عامہ کا مؤثر نظام برقرار رکھنا محکمہ صحت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی لاروا سرویلنس عوامی آگاہی مہم پانی جمع ہونے والے مقامات کی نشاندہی اور بروقت انسدادی کارروائیاں جاری ہیں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں دفاتر ہوٹلوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، غیر ضروری طور پر پانی جمع نہ ہونے دیں پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں اور بخار یا ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال یا مرکز صحت سے رجوع کریں ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سید وسیم حیدر علی شاہ نے کہا کہ صحتِ عامہ سے متعلق سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی سرویلنس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے. ڈسٹرکٹ فوڈ انسپکٹر رانا کرامت علی نے بتایا کہ مری کے ہوٹلوں ریسٹورنٹس بیکریوں اور دیگر فوڈ پوائنٹس پر خوراک کے معیار کی باقاعدہ جانچ کی جا رہی ہے جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ڈسٹرکٹ اینٹمالوجسٹ حمار اشتر نے کہا کہ مون سون کے موسم میں مچھروں کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اسی لیے مختلف علاقوں میں لاروا سرویلنس اور انسدادی اقدامات جاری ہیں تاکہ ڈینگی، ملیریا اور دیگر حشرات سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا جا سکے اس موقع پر دانیال عباسی اور فیضان احمد نے بھی محکمہ صحت کی عوامی آگاہی مہم اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی رجسٹرڈ پریس کلب مری کے صدر عبدالحمید عباسی نے کہا کہ میڈیا عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ شہری تاجر ہوٹل مالکان اور سیاح صفائی ستھرائی معیاری خوراک اور ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ مری کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے عوامی حلقوں نے محکمہ صحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گنجان آباد علاقوں بازاروں اور سیاحتی مقامات پر نگرانی کے نظام اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے

Leave A Reply

Your email address will not be published.