ورلڈ کپ سے قبل قومی ہاکی ٹیم کو دو کروڑ روپے پیشگی الاؤنس پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامات مکمل کرکے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنا دی

اسلام آباد (پی پی اے)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے بینک اکاؤنٹس میں 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس (ڈی اے) پیشگی منتقل کر دیا ہے۔ پی ایچ ایف کے مطابق اس پیشگی ادائیگی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دورے کے دوران کھلاڑی اور آفیشلز مالی طور پر بے فکر رہیں اور اپنی تمام تر توجہ ورلڈ کپ میں تیاریوں اور بہترین کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔ فیڈریشن نے پیشگی الاؤنس کے علاوہ ٹیم کی شرکت کے لیے تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے ہیں، جن میں بین الاقوامی فضائی ٹکٹس، معیاری ہوٹل میں رہائش و طعام، مقامی ٹرانسپورٹ، تربیتی سہولیات، لاجسٹکس اور کھیلوں کا سامان منتقل کرنے کے انتظامات شامل ہیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کی فلاح و بہبود اور بہترین سہولیات کی فراہمی فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور کوچز کو صرف کھیل پر توجہ دینی چاہیے، جبکہ فیڈریشن نے روانگی سے قبل تمام مالی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ان کے مطابق 2 کروڑ روپے کی پیشگی ادائیگی اس عزم کا اظہار ہے کہ عالمی ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی کہ بروقت کیے گئے ان اقدامات سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ ورلڈ کپ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے فیڈریشن نے قومی ٹیم کی تیاریوں میں مسلسل تعاون پر اپنے اسپانسرز، معاونین اور حکومتِ پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا