وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے محمد بن سلمان سے ملاقات دوطرفہ تعلقات علاقائی صورتحال اور اسٹریٹجک تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا
اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا شامل ہوں گے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اردن میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے بعد مدینہ منورہ میں مختصر قیام کے بعد وفد میں شامل ہوں گے دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات ہوگی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اسٹریٹجک تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد تعاون اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ہو رہا ہے تاہم اس کی اہمیت فوری حالات سے کہیں زیادہ ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط قریبی مشاورت کثیرالجہتی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا