ایف بی آر اصلاحات تیز فیس لیس نظام 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت حساس آسامیوں پر اچھی شہرت کے حامل افسران تعینات، سمگلنگ اور ٹیکس چوری کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں وزیراعظم
اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے اور ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی دو روز قیام کریں جبکہ تمام حساس آسامیوں پر اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس پیر کو منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی. وزیراعظم نے کاروباری برادری کے ٹیکس اصلاحات پر بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایف بی آر کو مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سمگلنگ ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی. وزیراعظم نے چکوال اور صوابی میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف ایف بی آر کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے تمام حساس پوسٹوں اور محکموں میں اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسران و اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل اور 2027 تک اس کے مکمل رول آؤٹ کو یقینی بنانے کا حکم دیا اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فیس لیس ان لینڈ ریونیو نظام کا پہلا مرحلہ یکم اکتوبر 2026 سے فعال ہوگا مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام ایف بی آر کی ڈیجیٹل اصلاحات کا اہم حصہ ہے جس میں ٹیکس گوشواروں کے آڈٹ کے لیے نیشنل فیس لیس آڈٹ ونگ اور اسیسمنٹ کے لیے فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ شامل ہیں بریفنگ کے مطابق فیس لیس نظام میں ٹیکس کیسز کا دائرہ اختیار جغرافیائی حدود سے قطع نظر رینڈم بنیادوں پر مختص کیا جائے گا. چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کی ہدایت پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں قیام اور کاروباری برادری سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ کراچی میں سات بڑے تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی گئیں اور ان کے مسائل سنے گئے جبکہ قیام کے دوران کاروباری برادری کے مسائل فوری حل کیے گئے چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ برآمد کنندگان کے ٹیکس ریفنڈز کے لیے ٹائم باؤنڈ ایس او پیز جاری کیے جا رہے ہیں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چکوال میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری سیل غیر قانونی سگریٹ کا ذخیرہ اور مشینری قبضے میں لے لی گئی صوابی میں بھی غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک احد خان چیمہ محمد اورنگزیب عطاء اللہ تارڑ شزا فاطمہ خواجہ معاون خصوصی ہارون اختر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی