پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے مزید بین الاقوامی مواقع کوریا اور روس کے دورے طے
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ہاکی کے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے ایک اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انڈر 18 انڈر 21 سینئر ویمنز اور انڈر 18 گرلز ٹیموں کے لیے آئندہ ماہ متعدد بین الاقوامی ٹورنامنٹس اور دو طرفہ سیریز کا شیڈول طے کر لیا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق عالمی کپ اور ایشین گیمز جیسے بڑے مقابلوں کے علاوہ قومی سینئر ٹیم کے لیے مزید دو بین الاقوامی مواقع حاصل کر لیے گئے ہیں تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم کوریا کا دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 4 بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی اس کے علاوہ روسی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان وائٹس ٹیم کو 26 اگست سے 2 ستمبر تک دو طرفہ سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے سیریز کے دوران 3 سے 4 میچز کھیلے جائیں گے پی ایچ ایف کے مطابق اگر سینئر ٹیم دستیاب نہ ہوئی تو پاکستان وائٹس ٹیم میں سینئر کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ جونیئر کیمپ کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا ترجمان پی ایچ ایف نے کہا کہ روس کے خلاف سیریز پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا ضروری تجربہ اور مقابلے کا موقع فراہم کرے گی جو مستقبل کے بڑے ایونٹس کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ مرد و خواتین سینئر اور جونیئر سطح کے تمام کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان ہاکی کے فروغ، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور نئے بین الاقوامی مواقع کے ایک نئے دور کی بنیاد ثابت ہوں گے