پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان کی نیکسا روبوٹس کا چینی ٹیکنالوجی شراکت داروں سے تعاون، مصنوعی ذہانت اور سروس روبوٹس کی مقامی تیاری پر کام

بیجنگ ( پی پی اے): پاکستان کی نیکسا روبوٹس چینی ٹیکنالوجی اور ینوفیکچرنگ شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنا رہی ہے تاکہ پاکستان میں سروس روبوٹس کے لیے سافٹ ویئر، مصنوعی ذہانت اور سسٹمز انٹیگریشن کی مقامی صلاحیتیں تیار کی جا سکیں۔ نیکسا روبوٹس کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایچ ایم حفیظ نے چائنہ اکنامک نیٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ کمپنی کی فوری ترجیحات میں ٹیکنالوجی تعاون بڑھانا، اہم پرزوں تک رسائی اور پاکستانی مارکیٹ کے لیے مقامی حل تیار کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے چینی ٹیکنالوجی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ مصنوعات کی تیاری پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری یا اسٹریٹجک فنانسنگ سے کمپنی کو وسعت دینے اور صارفین کو روبوٹس لیز پر دینے یا بطور سروس فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی شینزن میں قائم پڈو روبوٹکس کی مصنوعات پاکستان میں تقسیم کرتی ہے۔ نیکسا روبوٹس نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں بھی سروس روبوٹس نصب کیے ہیں، جہاں یہ روزانہ داخلہ دفتر اور لائبریری میں استقبالیہ، رہنمائی اور معلوماتی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ایچ ایم حفیظ کے مطابق کمپنی مظاہروں اور آزمائشی منصوبوں سے آگے بڑھ کر مہمان نوازی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں منتخب صارفین کے لیے باضابطہ طور پر روبوٹس فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روبوٹس کی مارکیٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ کم اجرت، معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاری سے متعلق محتاط رویے کے باعث کاروباری ادارے خودکاری کے حوالے سے محتاط ہیں۔ روبوٹس کے مؤثر استعمال کے لیے تربیت یافتہ عملہ، دیکھ بھال، سافٹ ویئر انضمام اور قابل اعتماد مقامی معاونت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیکسا روبوٹس نے پاکستان میں ابتدائی طور پر سافٹ ویئر، مصنوعی ذہانت اور سسٹمز انٹیگریشن کی مقامی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے جبکہ اہم ہارڈویئر اور پرزے چین سے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ مقامی طور پر پروٹوٹائپ تیار اور کامیابی سے آزمانے کے بعد ابتدائی پیداوار چین میں ہوگی، جبکہ پیداوار اور لاگت موزوں ہونے کی صورت میں اسمبلی اور بعض پرزوں کی تیاری پاکستان میں منتقل کی جا سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.