پی این سی اے میں شامِ موسیقی، کلاسیکی فنکاروں کی شاندار پرفارمنس
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیر اہتمام پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں ’’شامِ موسیقی‘‘ کے عنوان سے موسیقی کی محفل منعقد ہوئی۔ تقریب میں معروف کلاسیکی موسیقار استاد اعجاز توکل خان، علی رضا توکل اور خیام حیدر توکل نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ فنکاروں نے پاکستانی موسیقی کی گراں قدر روایات سے جڑی دلنشیں دھنیں اور کلاسیکی موسیقی پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ شامِ موسیقی میں کلاسیکی اور روایتی موسیقی کی خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا جبکہ روایتی سازوں پر پیش کی جانے والی شاندار موسیقی نے محفل کو مزید دلکش بنا دیا۔ فنکاروں کی فنی مہارت اور پُراثر انداز نے ایک سحر انگیز ماحول پیدا کیا جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔ تقریب میں موسیقی سے محبت کرنے والے افراد، فنکاروں، ثقافتی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یادگار شام سے لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی بھی موجود تھے۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’شامِ موسیقی‘‘ کا انعقاد کلاسیکی اور روایتی موسیقی کے فروغ، نامور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کے گراں قدر موسیقی کے ورثے کے تحفظ کے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی این سی اے فنونِ لطیفہ کے فروغ اورs ترویج کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ ادارے کی جانب سے ملک کے نامور گلوکاروں اور فنکاروں کے علاوہ نوجوان اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں