وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت، ملکی معیشت اور جمہوریت مضبوط بنانے کیلئے تعمیری بات چیت پر زور
اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ تعمیری مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں تاکہ پاکستان کی معیشت اور جمہوریت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہی ہے اور وہ قومی اسمبلی کے ایوان اور کابینہ کے سامنے بھی متعدد بار اس مؤقف کا اظہار کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ مل بیٹھ کر معاملات حل کیے جائیں، اب اپوزیشن کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ تعمیری بات چیت کے لیے کتنی جلد تیار ہوتی ہے۔وزیراعظم نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی خطے کی موجودہ مشکل صورتحال اور عالمی سطح پر تیل کی فراہمی میں رکاوٹوں کے تناظر میں یہ ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے وزارت پٹرولیم اور اس کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کا خالص درآمد کنندہ ہے، اس لیے عالمی توانائی کی فراہمی میں تعطل سے ملک خاص طور پر متاثر ہوتا ہے۔ خلیج اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی فراہمی شدید متاثر ہوئی جبکہ مختلف ممالک میں متعدد ریفائنریز اور گیس پلانٹس بھی بند ہوئے۔وزیراعظم نے کہا کہ تنازع شروع ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے، جبکہ صوبوں نے بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے ہفتوں میں خطے کی صورتحال بہتر ہوگی اور پاکستان کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے معیشت میں حالیہ مثبت پیش رفت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتائج بتدریج سامنے آرہے ہیں، جنہیں برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ معاشی حالات معمول پر آسکیں۔ انہوں نے ریٹیلرز کے لیے ایپ کے اجرا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تاجر برادری سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تاجروں کو بلاوجہ مشکلات سے دوچار نہ کیا جائے۔انہوں نے جولائی 2026 میں آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافے پر وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملک کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کی موجودگی ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی میں معاون ثابت ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تمام سرکاری محکموں کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے کام کر رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں گوگل کی موجودگی ان کوششوں کو مزید تقویت دے گی