پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستان اور کویت کا پٹرولیم و توانائی شعبوں میں تعاون بڑھانے، اسٹریٹجک سٹوریج کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق

اسلام آباد ( پی پی اے) پاکستان اور کویت نے پٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور اسٹریٹجک سٹوریج کے قیام سے متعلق نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان انرجی کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اپ اسٹریم، مڈ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ محفوظ اور پائیدار توانائی کا نظام ملکی معاشی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے طلب و رسد میں توازن، مقامی وسائل کے بہتر استعمال اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے ہوتا ہے، جس میں شعبے سے متعلق اہم امور اور پالیسی اقدامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ حکومت توانائی میں خودکفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور درآمدی انحصار کم کرنے کے لیے مقامی وسائل کے بہتر استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی حالیہ صورتحال نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان بیرونی عوامل کے اثرات کے مقابلے میں کس قدر حساس ہے، اس لیے درمیانی مدت کی قومی توانائی پالیسی میں پٹرولیم کے شعبے کو مؤثر طور پر شامل کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے بین الوزارتی پلیٹ فارم کو دوبارہ فعال کردیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیراعظم خود کر رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کمیٹی کا اجلاس ہر دو ماہ بعد منعقد کیا جائے تاکہ توانائی کی پوری ویلیو چین میں ہونے والی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت دوست ممالک کے تعاون سے تقریباً 20 سال بعد آف شور ایکسپلوریشن کو دوبارہ فعال کررہی ہے۔ اپ اسٹریم سیکٹر میں آن شور اور آف شور بیسنز میں تلاش کے ساتھ ساتھ سرکلر ڈیٹ اور دیگر وراثتی چیلنجز سے نمٹنے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈ اسٹریم سیکٹر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ریفائنریز کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ نئی ریفائنری پالیسی اور آپریشنل فلیکسی بلٹی کا مقصد ملکی ریفائنریز کو اپ گریڈ کرکے انہیں زیادہ مؤثر بنانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ آنے والی نسلوں کو موجودہ نسل کی طرح توانائی کے چیلنجز کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گیس سیکٹر میں عالمی بینک کے تعاون سے اصلاحات اور ان بنڈلنگ کے عمل پر کام جاری ہے، جس سے شعبے میں مسابقت، کارکردگی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گیس سیکٹر اصلاحات سے متعلق رپورٹ رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے، جسے وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا، جبکہ حکومت رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں توانائی کے شعبے میں بتدریج اصلاحات اور پائیداری کے لیے اقدامات کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.