پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری تک کرانے پر الیکشن کمیشن اور حکومت کا اصولی اتفاق
اسلام آباد۔ ( پی پی اے) الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کی تاریخوں کو مناسب قرار دیتے ہوئے اس سے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کمیشن نے پنجاب حکومت سے کہا ہے کہ اگر وہ مرحلہ وار انتخابات کرانا چاہتی ہے تو جلد از جلد اپنا منصوبہ مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان نثار احمد دُرانی شاہ محمد جتوئی بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ جبکہ پنجاب حکومت کی چار رکنی کابینہ کمیٹی، چیف سیکرٹری پنجاب سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے جبکہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا کہ 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانا زیادہ مناسب ہوگا کیونکہ اس عرصے میں بچوں کے امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے اور صوبے میں دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت مذکورہ مدت کے دوران مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تاکہ مناسب سکیورٹی اور بہتر انتظامات یقینی بنائے جاسکیں۔ الیکشن کمیشن نے تاریخوں کی تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو مرحلہ وار انتخابات کا منصوبہ جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک اہم آئینی ذمہ داری مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔