سپیکر قومی اسمبلی کی سعودی عرب کے قومی دن پر قیادت اور عوام کو مبارکباد
اسلام آباد۔ ( پی پی اے):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ قیادت میں سعودی عرب ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے۔ مملکت کی غیر معمولی ترقی اور کامیابیاں سعودی عوام کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخی روابط اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں برادر ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط باہمی تعاون، مفاہمت اور عوامی سطح پر دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمان اور سعودی مجلسِ شوریٰ کے درمیان مضبوط روابط دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں.