پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسحاق ڈار کا کشمیر پر او آئی سی کا متفقہ موقف برقرار رکھنے پر زور

نیویارک ( پی پی اے): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر متفقہ موقف برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، بھارت کی جانب سے کوئی ملکی قانون، انتخابی عمل، عدالتی فیصلہ یا آبادی کے تناسب میں تبدیلی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اور اصولی حمایت پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل، رابطہ گروپ کے اراکین، او آئی سی کے خصوصی ایلچی اور آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مسلسل سیاسی و شہری پابندیوں اور آبادی کے تناسب، سیاسی و ثقافتی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ نائب وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی ملکی قانون سازی، عدالتی فیصلہ، انتخابی عمل یا آبادی کے تناسب میں تبدیلی کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے او آئی سی رابطہ گروپ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر جموں و کشمیر کے معاملے پر متفقہ موقف برقرار رکھے۔ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا.

Leave A Reply

Your email address will not be published.