پاکستان انڈر 15 فٹبال ٹیم کا تاریخی ڈیبیو، گیمبیا سے شکست
شاہینز نے پہلے ہاف میں دو گول کی برتری حاصل کی، گیمبیا نے مقابلہ جیت لیا
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان انڈر 15 فٹبال ٹیم کو آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کے پہلے میچ میں گیمبیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا قومی ٹیم نے میچ کے پہلے ہاف میں دو گول کی برتری حاصل کی تاہم گیمبیا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا
پاکستان کی جانب سے عامر حمزہ نے میچ کے پانچویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی دائیں جانب سے گیند لے کر آگے بڑھنے والے عامر حمزہ نے حریف دفاع کو چیلنج کیا اور زوردار شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔ یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پہلا گول تھا پاکستان نے جلد ہی اپنی برتری دگنی کرلی عامر حمزہ کے کامیاب ٹیکل کے بعد گیند بیکسی حمال خان کے پاس پہنچی جنہوں نے بائیں جانب سے پیش قدمی کرتے ہوئے شاندار شاٹ لگایا اور گیند کو گول کے بالائی کونے میں پہنچا دیا دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد گیمبیا نے واپسی کی کوششیں تیز کردیں اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ایک گول اسکور کرلیا دوسرے ہاف کے آغاز میں گیمبیا نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا برابری کے بعد گیمبیا نے کھیل پر دباؤ بڑھایا تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے جوابی حملے جاری رکھے کلیم اللہ نے کئی خطرناک شاٹس لگائے جنہیں روکنے کے لیے گیمبیا کے گول کیپر کو متعدد مرتبہ عمدہ دفاع کرنا پڑا پاکستان کی جانب سے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران گیمبیا نے تیز جوابی حملے کیے اور مزید دو گول اسکور کرکے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ یوں پہلے ہاف میں دو گول کی برتری حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کو دوسرے ہاف میں حریف کی بھرپور واپسی کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا نتیجے کے باوجود پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ میں تاریخی شرکت کے دوران عامر حمزہ اور بیکسی حمال خان کے گول نمایاں رہے۔ عالمی سطح کے اس ایونٹ میں شرکت نوجوان پاکستانی فٹبالرز کے لیے بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا اہم موقع ہے