پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

ہیومن فرینڈز ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد کی حلف برداری کی تقریب،

اسلام آباد(پی پی اے)ہیومن فرینڈز ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ) اسلام آباد کے نئے مرکزی عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی محمد علی بخاری ایڈووکیٹ، مولانا مفتی عبدالرزاق چشتی اور حاجی صغیر چھٹہ، راجہ عطاالرحمن نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سوسائٹی کے سابقہ دو سالہ دور کی کارکردگی پیش کی گئی جبکہ آئندہ دو سال کے لیے منتخب ہونے والے مرکزی عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ مولانا مفتی عبدالرزاق چشتی نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حاجی لیاقت علی مغل چیئرمین، خرم شہزاد وائس چیئرمین، رانا لیاقت علی صدر، احمد ناصر مغل سینئر نائب صدر، حاجی عبدالباری نائب صدر، راشد عرفان جنرل سیکرٹری، ڈاکٹر لطیف انجم ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، چوہدری ملازم حسین جوائنٹ سیکرٹری، حاجی ارشد محمود سیکرٹری فنانس، حاجی نثار عباسی ڈپٹی فنانس سیکرٹری، وقاص سبحانی مغل سیکرٹری اطلاعات، اویس امین بھٹی اور ماجدالرحمن ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، ضیاء الرحمن آفس سیکرٹری جبکہ مصدق حماد مغل لیگل ایڈوائزر منتخب ہوئے۔اس موقع پر چیئرمین حاجی لیاقت علی مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیومن فرینڈز ویلفیئر سوسائٹی عوام کی فلاح و بہبود اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے بلاامتیاز اور بے لوث انداز میں کام کر رہی ہے۔سوسائٹی کا مقصد ضرورت مند افراد کی مدد کے ساتھ علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، جس کے لیے فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے گزشتہ دو سال کے دوران سوسائٹی کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بیواؤں، یتیموں، معذور افراد اور مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا جبکہ ضرورت مند مریضوں کو مفت طبی سہولیات اور ادویات فراہم کی گئیں۔ آنکھوں کے متعدد مفت طبی کیمپ لگائے گئے، جن میں مستحق افراد کو عینکیں اور آنکھوں کے قطرے بھی فراہم کیے گئے۔اسی طرح یتیم بچیوں کی شادی کے موقع پر جہیز کا سامان اور مستحق افراد کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دینے کے لیے سلائی مشینیں فراہم کی گئیں۔حاجی لیاقت علی مغل نے کہا کہ سوسائٹی عید کی خوشیوں میں غریب اور مستحق خاندانوں کو شریک کرنے کے لیے راشن اور نقد رقم فراہم کرتی ہے جبکہ معذور افراد کو وہیل چیئرز بھی دی گئی ہیں۔ علاقے میں بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات کی مدد کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا سوسائٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔چیئرمین حاجی لیاقت علی مغل کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بہترین اور افضل عبادت ہے۔ عوام کی خدمت اور علاقے کی تعمیر و ترقی ان کا مشن ہے، جسے وہ زندگی کی آخری سانس تک جاری رکھیں گے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران باہمی تعاون سے فلاحی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں گے اور مستحق افراد کی مدد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تقریب کے اختتام پر جنرل سیکرٹری راشد عرفان نے سوسائٹی کی مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.