پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس: راجہ لطیف حسرت قائمقام سیکرٹری جنرل مقرر، مہرالنساء کی واپسی تک فرائض انجام دیں گے

اسلام آباد( پی پی اے) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل راجہ محمد لطیف حسرت نے مسلم کانفرنس کے دستور اساسی کی دفعہ 18 جز ”س“ کی ذیلی دفعہ ”1“ کے تحت جماعت کے ایکٹنگ سیکرٹری جنرل کا چارج سنبھال لیا۔ وہ سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء کی وطن واپسی یا نئے عہدیداروں کے انتخاب تک فرائض انجام دینگے۔ محترمہ مہرالنساء نجی دورے پر ان دنوں برطانیہ میں ہیں۔ ”’جماعتی دستور کے مطابق سیکرٹری جنرل کی عدم موجودگی میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل بطور قائمقام سیکرٹری جنرل فرائض انجام دیتے ہیں“۔ راجہ محمد لطیف حسرت اس سے قبل سال 1985 تا 1988 تک مسلم کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ سال 1988 میں سول سروس جائن کرنے کے بعد وہ محکمہ اطلاعات میں مختلف مقامات پر تعینات رہے۔ اور 2009 میں ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد واپس مسلم کانفرنس جائن کر لی اور جماعت کے میڈیا سیل کی کمان سنھبال لی۔ راجہ لطیف حسرت 2012 سے 2016 تک مسلم کا نفرنس پبلسٹی بورڈ کے چیئرمین اور 2016 سے 2022 تک مسلم کانفرنس سنٹرل میڈیا سیل کے چیئرمین رہے۔ سال 2022 کے جماعتی انتخابات کے بعد راجہ محمد لطیف حسرت کو مسلم کانفرنس کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا جس پر وہ تاحال کام کر رہے ہیں۔ راجہ محمد لطیف حسرت کا شمار مجاہد اول کے دیرینہ اور جانثار ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ایک تسلسل کے ساتھ جماعت کے مختلف کلیدی عہدوں پر تعیناتی راجہ لطیف حسرت کا ایک بڑا اعزاز ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.