نیشنل پریس کلب میں خواتین جرنلسٹس روم کی تزئین و آرائش مکمل، جلد افتتاح ہوگا
اسلام آباد (پی پی اے) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں خواتین صحافیوں کے لیے مختص جرنلسٹس روم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں نئے فرنیچر کی فراہمی، جدید ورک اسٹیشنز کی تنصیب اور واش روم کی بہتری سمیت تمام ضروری کام پایۂ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔ ان شاء اللہ اس سہولت کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکریٹری عابد عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ خواتین صحافیوں کے لیے بہتر، باوقار اور سازگار ماحول کی فراہمی جرنلسٹ پینل کی ترجیحات میں شامل رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے خواتین صحافیوں کو درپیش سہولیات کے مسائل مختلف تقریبات اور ملاقاتوں میں مسلسل اجاگر کیے جاتے رہے، جس کے نتیجے میں خواتین جرنلسٹس روم کی تزئین و آرائش کا منصوبہ مکمل کیا گیا۔انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں تعاون پر خالصتان رئیسہ عادل صاحبہ اور وزارت اطلاعات و متعلقہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی جرنلسٹ پینل کے تمام عہدیداران کی مشترکہ محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل پریس کلب کی پوری ٹیم، خواتین عہدیداران اور سابق ممبر گورننگ باڈی نوید شیخ نے بھی کلیدی کردار ادا کیا، جو مبارکباد کے مستحق ہیں۔عابد عباسی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی مزید تزئین و آرائش اور ممبران کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ صحافی برادری کو ایک بہتر اور معیاری ماحول فراہم کیا جا سکے۔