اسلام آباد ٹریفک پولیس اور مری پولیس کا برفباری سیزن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل
کائنات اظہر خان اور ڈی پی او مری کا سیاحوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے اہم اجلاس
اسلام آباد (پی پی اے) اسلام آباد ٹریفک پولیس اور مری پولیس نے برفباری سیزن کے دوران ٹریفک انتظامات مؤثر بنانے اور سیاحوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے درمیان ٹریفک ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں برفباری سیزن، تعطیلات اور سیاحوں کی غیر معمولی آمد کے پیش نظر مری جانے والے اہم راستوں پر ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
اجلاس میں مری کے داخلی راستوں بالخصوص بھارہ کہو پھلگراں اور مری ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو منظم کرنے اور سیاحوں کو دوران سفر ممکنہ مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ برفباری اور سیاحوں کے غیر معمولی رش کے دوران اسلام آباد اور مری کی ٹریفک پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ اور بروقت معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کیے جا سکیں داخلی راستوں اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی نگرانی گاڑیوں کی منظم آمدورفت اور شہریوں و سیاحوں کی رہنمائی کے لیے مربوط انتظامات کیے جائیں گے۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس سیاحوں کو محفوظ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے برفباری سیزن کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت اور ٹریفک کے دباؤ کو مؤثر انداز میں منظم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے گا انہوں نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی کہ دوران سفر ٹریفک قوانین اور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اپنی گاڑیاں مقررہ مقامات پر پارک کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹریفک پولیس سے تعاون کریں تاکہ سب کے لیے محفوظ سفر یقینی بنایا جا سکے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور مری پولیس باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت برفباری سیزن میں ٹریفک کے مؤثر انتظام شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سیاحوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گی