پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

ڈیجیٹل صحت کا نظام مریضوں کے لیے سہولت کا ذریعہ ہونا چاہیے رکاوٹ نہیں پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان

ڈیجیٹل ہیلتھ اصلاحات مریضوں کی ضروریات اور طبی سہولتوں کی بہتری کے لیے ہونی چاہئیں،وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی

اسلام آباد(پی پی اے)ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر کے لیے مریضوں کو مرکز بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کا مقصد مریضوں اور طبی عملے کے لیے مزید مشکلات پیدا کرنے کے بجائے طبی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانا ہونا چاہیے، اسلام آباد میںکارڈیو کون 2026 CardioCon 2026 کی پانچویں سالانہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ اصلاحات مریضوں کی فلاح، طبی ضروریات اور علاج معالجے کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی جانی چاہئیں نہ کہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے تجارتی مفادات کو ترجیح دے کر۔کانفرنس میں جنرل اظہر کیانی پروفیسر حفیظ اللہ پروفیسر شہریار پروفیسر اختر بندیشہ اور نثار میمن سمیت دیگر ماہرین اور طبی شخصیات نے شرکت کی.پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ پاکستان میں امراضِ قلب کے باعث ہر گھنٹے تقریباً 47 افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ سالانہ اموات کی تعداد تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار بتائی جاتی ہے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ بالخصوص دیہی علاقوں میں بہت سی اموات رپورٹ نہیں ہو پاتیں۔انہوں نے کہا کہ طبی ٹیکنالوجی اور تشخیصی سہولتوں میں پیش رفت کے باوجود ڈیجیٹل ہیلتھ کا تصور صرف کمپیوٹرز نصب کرنے یا ہسپتالوں میں مینجمنٹ سافٹ ویئر متعارف کرانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ ڈیجیٹل صحت کی حقیقی افادیت قابلِ اعتماد ڈیٹا جمع کرنے اور اسے مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے صحت کی منصوبہ بندی بیماریوں کی روک تھام، تشخیص اور علاج کو بہتر بنانے میں ہے۔کورونا وبا کے دوران پاکستان کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی کو ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کرنے کی ایک اہم مثال قرار دیا، جہاں ملک بھر سے ٹیسٹنگ، متاثرہ افراد اور اموات سے متعلق معلومات روزانہ جمع کرکے مرتب کی جاتی تھیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض ہسپتالوں میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کے نتیجے میں مریضوں کو سہولت ملنے کے بجائے انتظامی کاموں کا بوجھ اور انتظار کے دورانیے میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ کے متعدد حل طبی ماہرین سے مناسب مشاورت کے بغیر تیار کیے گئے، اس لیے ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کو مارکیٹ میں دستیاب سافٹ ویئر کے بجائے طبی ضروریات اور زمینی حقائق کے مطابق ڈیزائن کیا جائے۔پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے ماہرینِ امراضِ قلب پر زور دیا کہ وہ بیماریوں سے بچاؤ، عوامی آگاہی بروقت تشخیص، ہسپتال پہنچنے سے پہلے طبی امداد اور علاج کے بعد مریضوں کی مسلسل نگرانی پر زیادہ توجہ دیں، تاکہ امراضِ قلب سے ہونے والی اموات اور پیچیدگیوں میں کمی لائی جا سکے۔کانفرنس میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے امراضِ قلب کے ماہرین اور طبی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد نے شرکت کی، جہاں قلبی امراض کے علاج میں جدید پیش رفت، احتیاطی تدابیر، ڈیجیٹل ہیلتھ اور مستقبل میں طبی خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.