پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پی ایس ایل 12، پشاور پہلی بار میزبان شہر قرار

لاہور (پی پی اے) پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 12 کے لیے پشاور کو چھٹے میزبان شہر کا درجہ دے دیا گیا ہے پشاور پہلی مرتبہ لیگ کی تاریخ میں پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ایونٹ کا افتتاحی میچ بھی اسی شہر میں کھیلا جائے گا.یہ اعلان خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ اور پشاور کے ہزاروں کرکٹ شائقین کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو 2016 میں لیگ کے آغاز سے اب تک اپنی ٹیم اور ایونٹ کو اپنے شہر میں دیکھنے کے منتظر تھے پشاور کی شمولیت کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے میزبان شہروں کی تعداد چھ ہوگئی ہے جس سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور ملک کے مختلف حصوں میں شائقین کو معیاری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔بارہ سالہ انتظار ختم
پشاور پاکستان کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں کرکٹ سے محبت اور شائقین کا جوش نمایاں ہے۔ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران پشاور کے شائقین نے ملک بھر میں اپنی ٹیم کی بھرپور حمایت کی، تاہم انہیں اپنے شہر میں پی ایس ایل میچ دیکھنے کا موقع نہیں مل سکا تھا اب پی ایس ایل 12 میں انہیں اپنے ہوم گراؤنڈ پر عالمی معیار کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا.اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ پشاور نے طویل عرصے تک انتظار کیا اور یہاں کے شائقین نے صبر اور جذبے کے ساتھ لیگ کی میزبانی کا مطالبہ برقرار رکھا پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف اور مقامی شائقین کو اپنے شہر میں کرکٹ کا جشن منانے کا موقع فراہم کرنا ہے انہیں یقین ہے کہ پشاور کے عوام اپنے روایتی جوش اور محبت کے ساتھ لیگ کا استقبال کریں گے پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ یہ لیگ اور بالخصوص پشاور کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے.جس کا بارہ سال سے انتظار کیا جا رہا تھا پشاور کے عوام کی کرکٹ سے محبت بے مثال ہے اور پی ایس ایل 12 انہیں اپنی اس محبت کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرے گی انہوں نے کہا کہ چھٹے میزبان شہر کی شمولیت لیگ کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے اور شائقین کے لیے یادگار تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی.پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کا مکمل شیڈول پشاور میں کھیلے جانے والے میچز کی تفصیلات اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق معلومات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.