پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 2026-27 شیڈول جاری کیا ورلڈ کپ تیاری پلان ڈومیسٹک سیزن 11 اگست سے ملتان میں شروع ہوگا
لاہور (پی پی اے) پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے سیزن کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں نیشنل چیمپئنز کپ (لسٹ اے کے ساتھ ہوگا جبکہ شیڈول کو 2027 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو 50 اوورز کی کرکٹ میں بھرپور مواقع فراہم کیے جا سکیں پی سی بی کے مطابق سیزن کے آغاز میں نیشنل چیمپئنز کپ اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ریڈ بال کرکٹ کے تحت قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور ڈویژن۔پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ و سلور کے مقابلے منعقد ہوں گے پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ٹورنامنٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ قائداعظم ٹرافی کی گولڈ اور سلور ڈویژنز یکم نومبر سے میدان میں اتریں گی قائداعظم ٹرافی گولڈ میں 8 جبکہ سلور ڈویژن میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی دونوں ڈویژنز کو فرسٹ کلاس کا درجہ حاصل ہوگا اور ان میں پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام بھی نافذ رہے گا تاکہ مقابلے کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے پی سی بی نے ریجنل کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے 16 ریجنز کی ٹیموں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 20 کر دی ہے اس فیصلے کے تحت سیالکوٹ اور پشاور کو بھی لاہور اور کراچی کی طرح دو دو ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 سطح پر بھی مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا نیشنل انڈر 19 کپ اور چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے 5 دسمبر تک جاری رہیں گی جبکہ انڈر 15 ون ڈے کپ اکتوبر اور نومبر اور انڈر 17 ٹو ڈے ٹورنامنٹ نومبر اور دسمبر میں منعقد ہوگا پی سی بی کے مطابق ڈسٹرکٹ چیلنج لیگز، انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 اور انٹر ڈسٹرکٹ سینئر مقابلے بھی اپنے معمول کے شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے کہا کہ 2026-27 کا ڈومیسٹک سیزن کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے انتہائی دلچسپ اور یادگار ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے ڈومیسٹک اور ریجنل کرکٹ کی مالی معاونت میں اضافے سے ملک میں کرکٹ کا ڈھانچہ مزید مضبوط ہوگا ان کا کہنا تھا کہ 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر سیزن کا آغاز دو اہم ون ڈے ٹورنامنٹس سے کیا جا رہا ہے جبکہ نوجوان کرکٹرز کو ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ مواقع فراہم کر کے ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے گا