پاکستان ویمن انڈر 19 نے سیریز دو دو سے برابر زوفشان ایاز کی ناقابل شکست اننگز فیصلہ کن مقابلہ 24 جولائی کو کراچی میں ہوگا
کراچی (پی پی اے) پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے چوتھے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز دو، دو سے برابر کر دی نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں زوفشان ایاز نے 29 گیندوں پر ناقابلِ شکست 44 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں 110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 43 رنز پر چار وکٹیں گنوا دی تھیں تاہم زوفشان ایاز اور کپتان فضا فیاض نے پانچویں وکٹ کی ناقابلِ شکست 70 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو 19.2 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔ فضا فیاض نے 27 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 28 رنز بنائے جبکہ زوفشان ایاز نے پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا اور آخری اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا اس سے قبل جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے شریا سبھیا 30 ڈیڈرے وان رینسبرگ 23 اور کرس میری بیزوئیڈن ہاؤٹ 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں پاکستان کی جانب سے مہنور زیب اور روزینہ اکرم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ماہ نور شہر بانو اور زوفشان ایاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی پاکستان نے اس سے قبل سیریز کا دوسرا میچ 47 رنز سے جیتا تھا جبکہ جنوبی افریقہ نے پہلا اور تیسرا میچ بالترتیب چار وکٹوں اور 52 رنز سے اپنے نام کیا تھا سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن ٹی20 میچ 24 جولائی کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے کھیلا جائے گا