نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ، انہیں تعلیم و ہنر سے آراستہ کرنا ضروری ہے، مریم نواز
لاہور (پی پی اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 65 فیصد نوجوان آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرکے دنیا میں ان کے مثبت کردار کو یقینی بنایا جاسکتا ہے پنجاب حکومت نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے یوتھ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یوتھ ڈے کا مقصد ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے ملک کو بہتر مستقبل اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نوجوانوں کی سرپرستی ضروری ہے انہوں نے نوجوانوں کو ملک سے محبت اور گالی گلوچ کی سیاست سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی جسمانی و ذہنی صحت کا خیال رکھیں اور نشے جیسی لعنت سے دور رہیں پنجاب حکومت پہلی بار نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے عملی سہارا فراہم کررہی ہے مریم نواز شریف نے کہا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ لیپ ٹاپ ای ٹیکسیز آسان فنانس اور آسان کاروبار اسکیموں میں نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے پرواز کارڈ کے ذریعے ہنرمند اور غیر ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں، جبکہ پہلی مرتبہ 10 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو خلیجی ممالک میں روزگار فراہم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں جبکہ کاروباری منصوبوں کو عملی شکل دینے اور نئے کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں سکولوں اور کالجوں کی سطح پر ہزاروں طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام بھی کامیابی کی نوید ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی نصاب میں آئی ٹی ای روزگار اور فری لانسنگ کے علوم شامل کیے گئے ہیں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت کے لیے پروگرام شروع کیے گئے ہیں جبکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے لیے فنی تربیتی اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے مریم نواز شریف نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نوکری تلاش کرنے کے بجائے روزگار پیدا کرنے والے اور اختراعی سوچ کے حامل بنیں انہوں نے کہا کہ نوجوان خواب دیکھیں اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے آگے بڑھیں پنجاب حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی