جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ
راولپنڈی (پی پی اے) جشن عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کے حوالے سے مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی کے وفد نے تھانہ بنی میں ایس ایچ او انسپکٹر لقمان پاشا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مرکزی جلوس کے روٹ، سکیورٹی انتظامات اور جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی کے صدر فواد حسین بٹ، حاجی محمد محفوظ، ابرار احمد شیخ، غلام علی خان اور فرحان شیخ شامل تھے ایس ایچ او تھانہ بنی انسپکٹر لقمان پاشا نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے مرکزی جلوس اور شرکاء کی حفاظت کیلئے بہترین اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے ساتھ ٹریفک اور دیگر انتظامات بھی مؤثر بنائے جائیں گے تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے وفد نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس کے تعاون کو سراہا اور ایس ایچ او بنی انسپکٹر لقمان پاشا کو گلدستہ پیش کیا ملاقات میں باہمی تعاون اور مرکزی جلوس کو پُرامن و بھرپور انداز میں منعقد کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا