بروسیا ڈورٹمنڈ نے یونانی مڈفیلڈر گیانس کونسٹانٹیلیاس سے پانچ سالہ معاہدہ کرلیا
برلن ( پی پی اے) جرمن فٹبال لیگ بنڈس لیگا کے معروف کلب بروسیا ڈورٹمنڈ نے یونانی کلب پی اے او کے تھیسالونیکی کے انٹرنیشنل کھلاڑی گیانس نسٹانٹیلیاس کو سائن کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ شنہوا کے مطابق 23 سالہ گیانس کونسٹانٹیلیاس نے بروسیا ڈورٹمنڈ کے ساتھ پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ وہ اتوار کو ڈورٹمنڈ پہنچے تھے، جہاں طبی معائنے کے بعد معاہدے کی تکمیل کی گئی۔ بروسیا ڈورٹمنڈ نے کولون کے ونگر سعید الملہ سے معاہدے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد یونانی مڈفیلڈر کو متبادل ہدف کے طور پر منتخب کیا۔ کلب کو امید ہے کہ ان کی آمد سے جارحانہ صف مزید مضبوط ہوگی، خصوصاً کریم عدیمی کے بارسلونا منتقل ہونے کے بعد۔ کلب کے سپورٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر لارس ریکن نے کہا کہ گیانس کونسٹانٹیلیاس ایک باصلاحیت اٹیکنگ کھلاڑی ہیں اور کلب طویل عرصے سے ان کی کارکردگی اور ترقی پر نظر رکھے ہوئے تھا۔ گیانس کونسٹانٹیلیاس نے 10 سال کی عمر میں پی اے او کے اکیڈمی پروگرام میں شمولیت اختیار کی اور 17 سال کی عمر میں سینئر ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔ انہوں نے 2024 میں پی اے او کو یونانی لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ 2021 میں یونانی کپ بھی جیتا۔ یونان کی قومی ٹیم کی جانب سے وہ اب تک 18 بین الاقوامی میچز کھیل کر 4 گول کرچکے ہیں. بروسیا ڈورٹمنڈ میں شمولیت پر گیانس کونسٹانٹیلیاس نے کہا کہ یہ ایک بڑا کلب ہے اور وہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ نئے معاہدے کے بعد انہیں یورپی چیمپئنز لیگ میں کھیلنے کا بھی موقع ملے گا