پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

نارووال میں بین الاقوامی ہاکی سیریز کا پانچواں میچ، شائقین کا اسٹیڈیم میں جوش و خروش، احسن اقبال اور محی الدین وانی مہمانان خصوصی

نارووال (پی پی اے) نارووال کے اسپورٹس سٹی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بین الاقوامی ہاکی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان رینجرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ میچ کے مہمانان خصوصی وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی تھے میچ دیکھنے کے لیے نارووال کے شہریوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی اور ہاکی سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ مقابلے کے ابتدائی دونوں کوارٹرز میں دونوں ٹیموں نے عمدہ دفاعی کھیل پیش کیا، جس کے باعث پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی اور مقابلہ صفر، صفر سے برابر رہا۔ پاکستان رینجرز نے 37ویں منٹ میں محمد سمیع کے پینلٹی کارنر پر کیے گئے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم گوانگ ڈونگ چین کے فینگ ژیانگ ژوان نے 40ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ پاکستان رینجرز کی جانب سے عامر سہیل نے 45ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی، جبکہ محمد حماد نے 55ویں منٹ میں ایک اور فیلڈ گول کرکے پاکستان رینجرز کی فتح تین، ایک سے یقینی بنا دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے نارووال میں کامیاب بین الاقوامی ہاکی ایونٹ کے انعقاد پر وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال اور نارووال کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نارووال کے شائقینِ ہاکی کا جوش و خروش، بھرپور شرکت اور کھلاڑیوں سے محبت پاکستان میں ہاکی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.