پاکستانی فٹ بال ٹیم کی کک آئی لینڈز کے خلاف سات گول سے شاندار فتح
اسلام آباد (پی پی اے) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کے فٹ بال مقابلوں میں پاکستان کی انڈر 15 ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کک آئی لینڈز کو سات گول سے شکست دے دی شاہینز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور تیز رفتار حملوں انفرادی مہارت اور عمدہ فنشنگ کی بدولت مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی. میچ کے ابتدائی لمحات ہی میں دونوں ٹیموں نے گول اسکور کیے الہان نے دوسرے منٹ میں میدان کے وسط سے انفرادی پیش قدمی کرتے ہوئے گیند گول کے نچلے دائیں کونے میں پہنچائی تاہم کک آئی لینڈز نے اگلے ہی منٹ فری کک پر ہیڈر کے ذریعے مقابلہ برابر کردیا۔ پاکستان نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کھیل کا رخ اپنے حق میں موڑ لیا 11ویں منٹ میں عالم نے دور سے زوردار شاٹ لگا کر شاہینز کو دوبارہ برتری دلائی جبکہ اگلے ہی منٹ شیراز کے بائیں جانب سے دیے گئے شاندار ڈائیگنل پاس پر کلیم اللہ نے گول اسکور کردیا۔ کلیم اللہ نے 15ویں منٹ میں ایک اور عمدہ انفرادی کوشش کی تیز رفتار جوابی حملے پر حریف دفاع کو چکمہ دیا اور بائیں پاؤں سے گیند کو گول کے اوپری کونے میں پہنچا کر اپنا دوسرا گول اسکور کیا. دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کا دباؤ برقرار رہا 27ویں منٹ میں دانش مسیح نے میدان کے وسط سے ملنے والے پاس پر پنالٹی ایریا کے قریب گیند قابو کی، تیزی سے مڑتے ہوئے شاٹ لگایا اور گیند کو گول کے نچلے بائیں کونے میں پہنچا دیا میچ کے آخری لمحات میں شاہینز نے مزید دو گول اسکور کیے 37ویں منٹ میں بائیں جانب سے عمدہ پیش قدمی کے بعد بخشی حمل نے گیند جال میں پہنچائی جبکہ 39ویں منٹ میں زین العابدین نے شاندار انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف دفاع کو چکمہ دیا اور گول کیپر کو مات دے کر پاکستان کا ساتواں گول اسکور کردیا۔ پاکستان کی یہ شاندار فٹ بال کامیابی ٹیم کی جارحانہ حکمت عملی تیز رفتار حملوں بہترین ٹیم ورک اور انفرادی مہارت کا بھرپور اظہار تھی۔ شاہینز نے پورے مقابلے میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے سات گول سے فتح حاصل کی اور آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا