پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

نوشہرہ کے اسکولوں میں ہاکی کے فروغ کے لیے سامان تقسیم، پی ایچ ایف کا اہم اقدام

نوشہرہ (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل میں کھیل کا شوق بیدار کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا جس کے تحت نوشہرہ کے رجسٹرڈ اسکولوں کے طلباء میں ہاکی کٹس اور کھیل کا ضروری سامان تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد اسکولوں میں ہاکی کی سرگرمیوں کو فروغ دینا نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور نچلی سطح سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری زکاء اللہ خٹک محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ افسران، متعلقہ اسکولوں کے فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز (پی ای ٹیز) اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی تقریب کے دوران نوشہرہ کے رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندگان کو جدید ہاکی کٹس اور کھیل کے لیے ضروری سامان فراہم کیا گیا اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو قومی کھیل سے روشناس کرانے اور انہیں کھیل کے میدانوں کی طرف راغب کرنے کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسکولوں میں ہاکی کا سامان فراہم کرنے سے طلباء کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور کھیل میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کو گراس روٹ لیول پر مضبوط بنانے تعلیمی اداروں میں ہاکی کی سرگرمیاں بحال کرنے اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش و تربیت کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اس منصوبے کا بنیادی مقصد مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا اور پاکستان ہاکی کے شاندار ماضی کی بحالی کی راہ ہموار کرنا ہے تقریب کے اختتام پر اسکولوں کے نمائندگان اور طلباء نے ہاکی کٹس کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کو سراہا اور قومی کھیل کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی امید ظاہر کی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.