پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو ہرا کر سہ فریقی ون ڈے سیریز کا ٹائٹل جیت لیا
فخر زمان کی شاندار سنچری، عرفات منہاس کی دھواں دار بیٹنگ، پاکستان نے 326 رنز کا ہدف عبور کر لیا
لاہور (پی پی اے) پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ پاکستان نے 326 رنز کا مشکل ہدف 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی سری لنکا نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ کامندو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 128 گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 131 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جبکہ پون رتنائیکے نے 65 گیندوں پر 77 اور اویشکا فرنینڈو نے 38 رنز بنائے پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نسیم شاہ، سلمان آغا اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور معاذ صداقت 5 جبکہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، تاہم فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا فخر زمان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی جبکہ سعد بیگ نے 74 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا عرفات منہاس نے آخری لمحات میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 31 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کرکے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 196.77 رہا اختتامی لمحات میں حسن نواز 37 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے 3 جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں فخر زمان کو شاندار سنچری اور میچ وننگ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے 2026کی او ڈی آئی سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا