پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسلام آباد میں جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ٹینس چیمپئن شپ شروع

14 ممالک کے 58 کھلاڑیوں کی شرکت، پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز اسلام آباد میں ہوگیا۔ مقابلوں کا انعقاد 31 اکتوبر سے پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو میں کیا جا رہا ہے، جس میں 14 ممالک کے مجموعی طور پر 58 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
چیمپئن شپ میں 36 بوائز اور 22 گرلز کھلاڑی شامل ہیں، جن کا تعلق روس، ہانگ کانگ چائنہ، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن اور پاکستان سے ہے۔ ایونٹ کی سرپرستی بارڈ فاؤنڈیشن کر رہی ہے، جس کی معاونت پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن انتظامیہ نے شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور چیمپئن شپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان میں یکے بعد دیگرے بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے، جن میں ویمنز ورلڈ ٹینس ٹور کے دو ایونٹس، بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری مقابلے اور اب مسلسل تین جونیئر ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹس شامل ہیں۔ ان مقابلوں کے بعد مینز ورلڈ ٹینس ٹور کے دو فیوچرز ٹورنامنٹس بھی منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں کی پاکستان میں میزبانی سے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے، قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور عالمی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے، جبکہ انہیں عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک سفر بھی نہیں کرنا پڑتا اعصام الحق قریشی اور کرنل ضیاء الدین طفیل نے پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے فراخدلانہ مالی معاونت اور مسلسل تعاون پر بارڈ فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا چیمپئن شپ کے پہلے روز بوائز کوالیفائنگ راؤنڈ کے ابتدائی مقابلوں میں چین کے یوپئی لیانگ نے پاکستان کے روہان سمیر کو 0-6، 0-6 سے شکست دے دی، جبکہ سربیا کے ووکاشین پاولووچ نے اسپین کے نکولس سیوانتوس کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کا آخری مرحلہ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.