پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسلام آباد میں جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر عالمی ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز

14 ممالک کے 58 کھلاڑی شریک، بوائز سنگلز میں پاکستان کے چھ کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں ہوگیا بین الاقوامی مقابلوں میں 14 ممالک کے مجموعی طور پر 58 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 36 بوائز اور 22 گرلز کھلاڑی شامل ہیں شریک ممالک میں پاکستان روس ہانگ کانگ چائنہ تھائی لینڈ قازقستان بنگلہ دیش سری لنکا سربیا آسٹریلیا اسپین کینیڈا بیلاروس اور سویڈن شامل ہیں ایونٹ کی سرپرستی بارڈ فاؤنڈیشن کر رہی ہے جس کا تعاون پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور باقاعدہ طور پر مقابلوں کا افتتاح کیا اس موقع پر پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے صدر پی ٹی ایف نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن ملک میں مسلسل بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آسکیں۔ اس سلسلے میں ویمنز ورلڈ ٹینس ٹور کے دو ایونٹس، بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری مقابلوں اور اب مسلسل تین جونیئر ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ ان مقابلوں کے بعد مینز ورلڈ ٹینس ٹور فیوچرز کے دو ایونٹس بھی پاکستان میں منعقد ہوں گے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی چیمپئن شپ کے انعقاد سے پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں رہتے ہوئے غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور عالمی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرکے اپنی بین الاقوامی درجہ بندی بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے انہوں نے ٹینس کے فروغ کے لیے تعاون اور مالی معاونت فراہم کرنے پر بارڈ فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا چیمپئن شپ کے بوائز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ملا جلا مگر حوصلہ افزا کھیل پیش کیا پاکستان کے عامر معاذی نے چین کے یوپے لیانگ کو 6-1، 6-1 سے محمد یحییٰ نے قازقستان کے الشنہان محمدکالی کو 6-2 6-1 سے اور احتشام ہمایوں نے تھائی لینڈ کے تاچاتم سریسن کو 6-1، 6-2 سے شکست دی محمد شیان نے سربیا کے ووکاسن پاولووچ کو 6-3، 4-6، 4-0 کے اسکور پر ریٹائرمنٹ کے باعث ہرایا جبکہ حسن عثمانی نے آسٹریلیا کے عدنان افضل کو 6-0، 6-3 سے شکست دی حمزہ رومان نے بھی کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی اس طرح پاکستان کے چھ کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب رہے دیگر مقابلوں میں تھائی لینڈ کے ناپت پٹانالرٹفان نے پاکستان کے زوہیب افضل ملک کو 6-7(4)، 6-3، 6-0 سے بیلاروس کے الیگزینڈر ویارسوٹسکی نے محمد احمد افضل کو 6-1، 6-1 سے روس کے نکیتا ڈوگاڈن نے ارحم طارق کو 6-0، 6-0 سے اور تھائی لینڈ کے فاسین سنچالونگ نے عبدالباسط کو 6-3، 6-0 سے شکست دی۔ روس کے ڈینیئل الیاس نے حاذق عاصم کو 3-6، 6-3، 7-6(2) سے ہرایا جبکہ چین کے آولن ما نے ابدار علی کو 6-0، 6-0 سے شکست دی قازقستان کے سنزہار بولات نے نبیل علی قیوم کو 6-2، 6-1 سے، چین کے ہاؤشوان شو نے ریان خان کو 6-1 6-4 سے اور سری لنکا کے آہل خلیل نے چین کے بو ہان یانگ کو 6-1، 6-1 سے ہرایا سویڈن کے نیلز پریگر نے پاکستان کے معظم بابر خان کو 6-0، 6-1 سے شکست دی گرلز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں چین کی یوکی لی نے بنگلہ دیش کی یانا چوہدری کو 6-2، 6-1 سے دائی شی ہو نے پاکستان کی رومیسہ ملک کو 6-2، 6-2 سے اور شوان یی وی نے پاکستان کی عنایہ خان کو 6-0، 6-0 سے شکست دی روس کی اسٹیفانیا واسیلیوسکایا نے پاکستان کی حاجرہ سہیل کو 6-4، 6-3 سے ہرایا جبکہ سری لنکا کی گیتھمی ریانا فرنینڈو نے قازقستان کی زینیا سیمیونووا کو 6-3 5-7، 6-3 سے شکست دے دی چیمپئن شپ کے مزید مقابلے آج صبح 10 بجے سے دوبارہ شروع ہوں گے

Leave A Reply

Your email address will not be published.