پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سانگھڑ کے 12 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کٹس تقسیم پانچ ایکڑ زمین گراؤنڈ کیلئے عطیہ

قومی کھیل کی بحالی کیلئے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا عزم

سانگھڑ (پی پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن پی ایچ ایف کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے ضلع سانگھڑ کے 12 سے زائد اسکولوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کر دیا گیا اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ کونسل ہال سانگھڑ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ٹاؤن چیئرمین شہدادپور علی مرتضیٰ تھیم نے ہاکی کے فروغ کیلئے اپنی پانچ ایکڑ ذاتی زمین ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری آئی پی سی میراں محی الدین سومرو، پی ایچ ایف میڈیا ہیڈ وقاص شیخ، ڈائریکٹر اسکولز اینڈ کالجز پرائیویٹ میڈم شہناز لاکھو ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شہباز خان عباسی اولمپک ڈویژنل سیکریٹری سید حسن عسکری سیکریٹری ڈی ایچ اے سانگھڑ ڈاکٹر شبیر حاکم علی چانڈیو اور پائینٹ کالج کے پرنسپل اعجاز علی شاہ سمیت مختلف اسکولوں کے پرنسپلز اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اسکولوں کی سطح سے ہی بچوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں تعلیمی اداروں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کا مقصد طلبہ میں ہاکی کا شوق پیدا کرنا، گراس روٹ لیول سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کے فروغ میں نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے انہیں کھیل کے میدانوں کی طرف راغب کرنے اور قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ مقبول بنانے میں معاون ثابت ہوں گے
مقررین نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے گراس روٹ لیول پر ہاکی کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا اس موقع پر علی مرتضیٰ تھیم کی جانب سے پانچ ایکڑ ذاتی زمین ہاکی گراؤنڈ کیلئے عطیہ کرنے کے اعلان کو ضلع میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا
تقریب کے اختتام پر 12 سے زائد اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کیا گیا مقامی تعلیمی اور سماجی حلقوں نے پی ایچ ایف کے اس اقدام اور ہاکی گراؤنڈ کیلئے زمین کے عطیے کو نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ضلع سانگھڑ میں قومی کھیل کے فروغ کیلئے خوش آئند پیش رفت قرار دیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.