مالے (پی پی اے)پاکستان نے 74 سال بعد بین الاقوامی فٹبال میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا فائنل میں افغانستان کو 2-0 سے شکست دے کر قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ کسی اسٹینڈ اَلون بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں فتح حاصل کی مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کی جانب سے شایق دوست اور ہارون حمید نے گول اسکور کیے شایق دوست نے پہلے ہاف میں شاندار اوور ہیڈ کک کے ذریعے پاکستان کو برتری دلائی جبکہ ہارون حمید نے اضافی وقت کے آخری لمحات میں انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا گول کر کے فتح پر مہر ثبت کر دی
قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور ٹائٹل جیت کر پاکستانی فٹبال کی تاریخ کا نیا باب رقم کر دیا۔ پاکستان کی اس سے قبل آخری بین الاقوامی ٹورنامنٹ کامیابی 1952ء کے ایشین کواڈرینگولر فٹبال ٹورنامنٹ میں تھی جہاں قومی ٹیم نے بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹرافی جیتی تھی
فائنل میں افغانستان نے جارحانہ آغاز کیا تاہم پاکستان نے جلد ہی کھیل پر کنٹرول حاصل کر لیا 24ویں منٹ میں اوٹس خان کی جانب سے بنائے گئے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شایق دوست نے دیدہ زیب اوور ہیڈ کک کے ذریعے گیند جال کی نذر کر دی افغانستان نے برابری کی بھرپور کوشش کی لیکن پاکستانی دفاع اور گول کیپر ثاقب حنیف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو کامیابی سے روکے رکھا
دوسرے ہاف میں پاکستان نے کئی خطرناک حملے کیے جبکہ عادل نبی کی کوشش کراس بار سے ٹکرا گئی میچ کے اختتامی لمحات میں متبادل کھلاڑی ہارون حمید نے افغان دفاع کو چکمہ دے کر شاندار گول اسکور کیا اور قومی ٹیم کی تاریخی فتح یقینی بنا دی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے تاریخی کامیابی پر قوم کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے دورِ صدارت کا سب سے یادگار لمحہ ہے انہوں نے کہا کہ خواتین قومی ٹیم کی تاریخی کامیابیوں کے بعد مردوں کی قومی ٹیم نے بھی نئی تاریخ رقم کر دی ہے ان کے بقول یہ فتح پاکستانی فٹبال کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگی اور دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ پاکستان فٹبال میں بے پناہ صلاحیت، عزم اور عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے محسن گیلانی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ قومی ٹیم کو مزید وسائل اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتی رہے یہ تاریخی کامیابی پاکستانی فٹبال کے لیے ایک نئے دور کا آغاز سمجھی جا رہی ہے اور شائقین کو مستقبل میں مزید کامیابیوں کی امید دلا رہی ہے