اسلام آباد (پی پی اے)ایچ نائن بازار میں آتشزدگی کے واقعے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ جاری کر دی جس میں واقعے سے متعلق اہم حقائق ممکنہ کوتاہیوں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں رپورٹ کے مطابق آگ ابتدائی طور پر اسٹال نمبر C-432 اور C-433 میں لگی تحقیقات کے دوران سیکیورٹی اسٹاف سمیت متعدد دکانداروں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رات 9 بج کر 45 منٹ پر آگ لگنے کے بعد ابتدا میں اپنی مدد آپ کے تحت اسے بجھانے کی کوشش کی گئی جبکہ فائر بریگیڈ کو 9 بج کر 51 منٹ پر اطلاع دی گئی فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی 10 بج کر 2 منٹ پر بازار پہنچی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن 9 بج کر 57 منٹ پر موقع پر پہنچنے والے پہلے سرکاری افسر تھے امدادی کارروائیوں میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 راولپنڈی جناح کنونشن سینٹر کے فائر ٹینڈرز اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے واٹر باؤزرز نے بھی حصہ لیا جبکہ رات 1 بج کر 20 منٹ پر آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ متعدد وینڈرز اپنے اسٹالز کو گودام کے طور پر بھی استعمال کر رہے تھے اور کچھ اسٹالز آگے کرائے پر دیے گئے تھے، جس کے باعث فائر سیفٹی معیارات پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا رپورٹ کے مطابق بازار کے گارڈز کو تین سال قبل اور پھر 2025 میں دو مرتبہ فائر سیفٹی کی تربیت دی گئی تھی تاہم آگ لگنے کے وقت فائر ٹینڈر اپنی مقررہ جگہ پر موجود نہیں تھا ریسکیو حکام کے مطابق فائر ٹینڈر اس وقت پانی بھرنے کے لیے گیا ہوا تھا رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آگ لگنے کے فوری بعد ریسکیو اداروں کو اطلاع دینے کے بجائے چوکیدار خود آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے جبکہ بازار میں اچانک لگنے والی آگ سے نمٹنے کے لیے دستیاب سہولیات بھی ناکافی تھیں انکوائری کمیٹی نے واضح کیا کہ آتشزدگی کی حتمی وجہ کا تعین فرانزک ٹیم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا کمیٹی نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کئی سفارشات بھی پیش کی ہیں جن میں رات کے وقت اسٹالز میں سامان رکھنے پر مکمل پابندی وینڈرز کو صرف بازار کے اوقات میں سامان رکھنے کا پابند بنانا بازار کا جامع فائر سیفٹی آڈٹ آتش گیر ترپال کے استعمال پر پابندی اسٹالز کی سب لیٹنگ ختم کرنا اور خلاف ورزی کی صورت میں الاٹمنٹ منسوخ کرنا شامل ہے رپورٹ میں ایمرجنسی سروسز کے آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے