اسلام آباد (پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیپال کی حکومت اور عوام کو قومی دن اور یوم دستور کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے نیپال کے صدر رام چندر پاؤڈل کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور خیرسگالی پر مبنی دیرینہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، جنہیں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں سے مزید تقویت ملتی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ، سارک اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان دوستانہ تعلقات دونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی مفاد میں آئندہ برسوں کے دوران مزید گہرے اور وسیع ہوں گے۔