اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کا علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( پی پی اے): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں تازہ ترین علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے بالخصوص ترقی پذیر ممالک اور عالمی رسد کی زنجیروں پر پڑنے والے اثرات کے تناظر میں توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ و تیز رفتار آمدورفت کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل ذریعہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور 81ویں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment