جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں پاکستانی آموں کی بہار ہے ریاض دمام کے بعد جدہ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے بھی پاکستان انویسٹرز فورم کے تعاون سے مقامی سپر مارکیٹ میں ایک روزہ پاکستانی مینگو فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا جس میں پاکستانی آموں اور آم سے تیار کردہ مختلف مصنوعات کی شاندار نمائش کی گئی فیسٹیول کا افتتاح قونصل جنرل پاکستان سید مصطفیٰ ربانی نے جدہ چیمبر آف کامرس کے نائب چیئرمین شیخ عماد العبود پاکستان انوسٹرز فورم کے چیئرمین چوہدری شفقت محمود سکریٹری جنرل مہر عبدالخالق لک اور دیگر سعودی تاجروں کے ہمراہ کیا اس موقع پہ سفارتخانہ پاکستان ریاض میں منسٹر ٹریڈ ڈاکٹر شگفتہ زریں جدہ میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ قونصلر سعدیہ خان اور دیگر قونصلرز بھی موجود تھے نمائش میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے لائے گئے اعلیٰ معیار کے آم جن میں پاکستانی آم چونسہ انورٹول سندھری اور آم سے تیار کردہ مختلف کیک پیسٹریز بسکٹس کی شاندار نمائش کی گئی جو اپنی بھینی بھینی خوشبو کی وجہ سے مہمانوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے تھے اسکے علاوہ مہمانوں کے ٹیسٹ کے لئے آم سے تیار کردہ بیکری آئٹمز جن میں بسکٹ پیسٹری، کیک اور دیگر غذائی مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے گئے جنہیں سعودی شہریوں پاکستانی کمیونٹی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے بے حد پسند کیا شرکاء نے پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے خوشبو اور معیار کو سراہتے ہوئے انہیں دنیا کے بہترین آم قرار دیا
اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان سید مصطفیٰ ربانی نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور سعودی مارکیٹ میں ان کی رسائی بڑھانے کے لیے قونصل خانہ جدہ آئندہ بھی اس نوعیت کی نمائشوں کا انعقاد جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستانی آم سعودی عرب میں مقبول ہیں اسی طرح پاکستان کے کینو کی بھی بھرپور مانگ موجود ہے اور موسم آنے پر کینو فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں
قونصل جنرل نے پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون اور کاوشوں سے اس کامیاب نمائش کا انعقاد ممکن ہوا اس موقع پر پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ فورم کا مقصد پاکستان کی معیاری زرعی و غذائی مصنوعات کو سعودی منڈی میں متعارف کرانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اسی نوعیت کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستانی برآمدات کو مزید فروغ مل سکے انہوں نے سعودی مہمانوں اور تاجروں کو پاکستان کی زرعی اجناس ان کے معیار اور برآمدی صلاحیت کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی تقریب میں شریک پاکستان انوسٹرز فورم کے سکریٹری جنرل مہر عبدالخالق لک متحدہ امارات سے آئے معروف بزنسمین میاں منیر ہانس اور جدہ کمیونٹی کے رہنماؤں نے بھی اس اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتی ہیں بلکہ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی تجارتی راہیں بھی ہموار کرتی ہیں انہوں نے قونصلیٹ جنرل اور پاکستان انویسٹرز فورم کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے سعودی تاجروں نے بھی پاکستانی آموں کے ذائقے مٹھاس اور خوشبو کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کے سفارتی مشنز اور پاکستان انویسٹرز فورم کے اشتراک سے ریاض اور دمام میں اسی نوعیت کی کامیاب نمائشوں کا انعقاد کیا جاچکا ہے جنہیں مقامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی