ٹرمپ نے پاکستان میں ایران سے مذاکرات کے اگلے دور کا عندیہ دے دیا

واشنگٹن (پی پی اے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور آئندہ دو روز میں پاکستان میں ہو سکتا ہے امریکی اخبار سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان جانے کا امکان زیادہ ہے اور اگلا دور آئندہ دو روز میں متوقع ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کارکردگی متاثر کن ہے اسی وجہ سے امریکا مذاکرات کے لیے دوبارہ پاکستان پر غور کر رہا ہے ٹرمپ کے مطابق گزشتہ سال پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ ہوا تھا اور چار روز بعد ہونے والے امن معاہدے سے جنگ کا خاتمہ ہوا جس میں امریکا نے بھی کردار ادا کیا ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکی میڈیا کو پاکستان میں موجود ہونا چاہیے کیونکہ آئندہ دو روز میں اہم پیش رفت ہو سکتی ہے امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے ابتدا میں پاکستان میں مذاکرات کے لیے امریکی وفد بھیجنے کی تردید کی تاہم بعد میں دوبارہ فون کر کے پاکستان میں مذاکرات کے اگلے دور کے امکان کا اشارہ دیا

Comments (0)
Add Comment