دبئی (پی پی اے) پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے متحدہ عرب امارات یو اے ای نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کر دیا ہے ذرائع کے مطابق ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ایک اہلکار نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس اقدام سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سفری سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں. یو اے ای میں اس وقت تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جبکہ یہ ملک پاکستان کے لیے ترسیلاتِ زر کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ ٹریول انڈسٹری کے حکام کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزوں کی بحالی سے سب سے زیادہ فائدہ فیملیز کو ہوا ہے، جن کی درخواستیں اب تیزی سے منظور کی جا رہی ہیں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار کے مطابق گزشتہ ہفتے سے ویزوں کی منظوری کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انفرادی طور پر درخواست دینے والے پاکستانیوں کو ویزوں کی منظوری میں مشکلات اور زیادہ شرحِ مستردگی کا سامنا تھا تاہم اب رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواستیں زیادہ کامیاب ہو رہی ہیں سرکاری امیگریشن اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ایک سینئر امیگریشن اہلکار کے مطابق جولائی کے آخری ہفتے تک روزانہ تقریباً 400 مسافر دبئی روانہ ہو رہے تھے، جبکہ گرمیوں کے آغاز میں یہ تعداد تقریباً 170 یومیہ تھی پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں ان کے مطابق ماضی میں سیکیورٹی اور حفاظتی خدشات کے باعث کچھ تاخیر ضرور ہوئی، تاہم اب مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار آسانی سے ویزے کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں