میاں چنوں (پی پی اے) اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم گلاسگو سے وطن واپس پہنچ گئے میاں چنوں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی جیتنے کے جذبے اور ملک کا نام روشن کرنے کی خواہش کے ساتھ میدان میں اترتا ہے وہ بھی پوری تیاری کے ساتھ گئے تھے مگر شدید سردی اور چند معمولی غلطیوں کے باعث اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے ارشد ندیم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ضرور مایوسی محسوس کی لیکن انہوں نے کبھی حوصلہ نہیں ہارا ان کے مطابق شدید سردی کی وجہ سے جسم اکڑ گیا تھا جس سے تھرو متاثر ہوئی انہوں نے اعتراف کیا کہ چند چھوٹی غلطیاں ہوئیں جن سے سبق سیکھ لیا ہے اور آئندہ انہیں ہرگز نہیں دہرائیں گے انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا احساس ہے کہ قوم ان سے بڑی توقعات وابستہ کرتی ہے اسی لیے حالیہ کارکردگی پر انہیں خود بھی افسوس ہے تاہم وہ وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ پاکستان کو مایوس نہیں کریں گے ارشد ندیم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے منفی تبصرے تکلیف ضرور دیتے ہیں لیکن وہ ان سے سیکھنے اور مزید محنت کرنے کی کوشش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور آنے والے تمام بین الاقوامی مقابلوں میں پہلے سے زیادہ محنت عزم اور بہترین کارکردگی کے ساتھ پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کے لیے تیار ہیں